بڑھتی مہنگائی میں اچھا گھریلو بجٹ کیسے بنایا جائے؟
بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے اور کچھ کیا جا سکتا ہو یا نہیں لیکن ایک بہترین بجٹ بنا کر آپ اپنے ماہانہ اخراجات کو کافی حد تک کنٹرول کر سکتے ہیں، جس سے بچت بھی ہوگی اور ضرورت زندگی بھی پوری ہو سکیں گی۔ ایک اچھا گھریلو بجٹ بنانے کے لیے بہتر ہے کہ اپنی کل آمدنی کو کاغذ یا کسی الیکٹرانک ڈیوائس پر ورک شیٹ بناکر لکھ لیں اور پھر ترجیحات کے حساب سے پیسوں کی تقسیم کریں۔ یہ ورک شیٹ آپ کو اپنے اخراجات کو ٹریک کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔
اپنی کل آمدنی کی تفصیلات نوٹ کریں
جیسے کہ اوپر بیان کیا گیا کہ سب سے پہلے اپنی مکمل آمدن کو ایک کاغذ یا ورک شیٹ پرلکھنا نہایت اہم ہے۔ یہ وہ کل رقم ہونی چائیے جو آپ اور آپکے گھر والے ہر ماہ کماتے ہیں، اگر آپ اپنا کاروبار کرتے ہیں اور آمدنی مستقل طور پر ایک جیسی نہیں تو اوسط آمدنی اور یا اس رقم کا تخمینہ لگالیں جو ماہانہ آتی ہے، اس حساب سے اپنا بجٹ بنائیں۔ اگر آپ ملازمت پیشہ ہیں تب بھی اس فارمولا پر عمل کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اخراجات سےعلاوہ کچھ رقم کمالیتے ہیں تو اسے مشکل وقت سے نمٹنے یا سرمایہ کاری کے لیے محفوظ کرلیں
مقررہ اخراجات کا تخمینہ
دوسرے مرحلے میں اپنے مقررہ اخراجات کا تخمینہ لگائیں اگروہ کل آمدنی سے زیادہ ہوں تو آپ کو انھیں گھٹانے کی ضرورت ہے۔ مقررہ اخراجات میں عام طور ہر گھر کا کرایہ، گیس و بجلی کے بل، آمد و رفت کے اخراجات، بچوں کی فیس، گروسری وغیرہ آتے ہیں۔ چونکہ کچھ اخراجات ماہانہ بنیادوں پر تقریبا” ایک جیسے ہی ہوتے ہیں اسلیے ان کے لیے مقررہ رقم کی ہی ضرورت ہوتی ہے جبکہ دیگر اخراجات ہر ماہ مختلف ہوتے ہیں۔ اسلیے اپنے بلوں اور گروسری وغیرہ کے لیے پہلے سے ایک اوسط رقم ایک طرف کرلیں۔ تاہم آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ قیمتوں کے اتار چڑھاو کی وجہ سے اس رقم میں تغیر آسکتا ہے۔
نیٹ انکم کا حساب رکھیں
گھریلو بجٹ بناتے ہوئے مقررہ اور متغیر اخراجات کے بعد جو رقم بچ جائے اسے اصلی آمدنی سمجھا جاتا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ رقم کتنی ہے یہی وہ رقم ہے جو مشکل وقت میں ، قرض کی ادائیگی کے لیے یا سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔ اسلیے اسے ایک الگ کالم میں نوٹ کرنا نہایت ضروری ہے۔
بجٹ بناتے وقت گھر والوں کو اعتماد میں لیں
گھر کا بجٹ بناتے ہوئے گھر کے سبھی افراد کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ سبھی کو اخراجات کے حوالے سے معلومات ہوں۔ ہر ایک کی خرچ کرنے کی عادات پر پابندیاں لگانے کے بجائے، آپ اپنے گھر والوں سے تجاویز اور مشورے طلب کریں کہ اخراجات کو کیسے کم کیا جائے۔ آپ کے پاس جتنے زیادہ آئیڈیازہوں گے آپ کا گھریلو بجٹ اتنا ہی بہتر ہوگا۔ اگر آپ کے بچے ہیں تو انہیں بھی اس عمل میں شامل کرنا یقینی بنائیں۔ بچوں کی شمولیت سے انھیں مارکیٹ میں چیزوں کی قیمتوں کا اندازہ ہونے کے ساتھ ساتھ بچت کا شعور بھی پیدا ہوگا۔
خریداری کی فہرست
مارکیٹ میں گروسری یا دیگر خریداری کے لیے فہرست تیار کریں اور اسی فہرست کے مطابق ہی خریداری کریں۔ اگر ممکن ہو تو اپنے بچوں کو بھی ساتھ نہ لے جائیں۔ تاہم، اگر یہ آپشن نہیں ہے، تو انہیں ٹرالی میں کوئی ایسی چیز نہ ڈالنے دیں جو آپ کی ماہانہ یا ہفتہ وار گروسری لسٹ میں شامل نہ ہو۔ شروعات میں یہ کرنا مشکل لگے گا لیکن وقت گزرنے کے بعد آپکو اس عادت کی افادیت کا اندازہ ہو جائے گا۔
اضافی آمدن کا بندوبست
اگر آپ کے گھرمیں آنے والی آمدن پورے مہینے کے لیے کافی ہو، تب بھی آپ کو بچت کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے کاروبار یا ملازمت کے علاوہ بھی کمانے کے طریقے تلاش کرنا شروع کریں۔ آپ یا آپ کے خاندان کا کوئی فرد ٹیوشن دینا شروع کر سکتا ہے، گھر سے کوئی چھوٹا کاروبار شروع کر سکتا ہے یا کوئی فری لانس کام بھی کرسکتا ہے۔
کریڈٹ کارڈ کا استعمال
اپنا کریڈٹ کارڈ صرف ہنگامی حالات کے لیے رکھیں۔ اکثراوقات کریڈٹ کارڈ کی وجہ سے آپ گنجائش سے زیادہ خرچ کرلیتے ہیں جسے بعد میں ادا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اگر آپ اپنا کریڈٹ کارڈ قابل گریزاخراجات کے لیے استعمال کرتے ہیں، تو آپ کو اس رقم کے علاوہ اگلے ماہ کی اپنی خالص آمدنی سے سود کاٹنا ہوگا۔ اگر آپ آن لائن شاپنگ کے شوقین ہیں تو یہ شوق بھی آپکے بجٹ پر کافی بھاری پڑسکتا ہے، آپکو اس عادت پر قابل پانے کی اشد ضرورت ہے۔
ان ساری باتوں پر عمل کر کے آپ بھی اپنے گھر کے لیے ایک بہترین بجٹ بنا سکتے ہیں جو نہ صرف آپکو مستقبل میں کسی زہنی پریشانی سے بچانے میں مدد دے گا بلکہ آپکے لیے سیونگ کا باعث بھی بنے گا۔
پراپرٹی کے حوالے سے مزید تفصیلات جاننے کے لیے وزٹ کریں اے ایچ بلاگ