حکومت نے ای پی زیڈز کے لیے مقامی تعمیراتی سامان کی درآمد کی منظوری دے دی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز (ای پی زیڈز) کو فروغ دینے اور پنجاب کے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ اور خیبر پختونخوا (کے پی) کے رسالپور میں تعمیراتی سامان کی درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم تبدیلیوں کو ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔
حالیہ پیش رفت کے تناظر میں، اہم تبدیلیاں اب غیر ملکی کرنسی کی بجائے مقامی کرنسی کا استعمال کرتے ہوئے شمالی علاقے میں ای پی زیزمیں تعمیراتی سامان کی درآمد کی اجازت دے گی۔
یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کا مقصد ای پی زیزکی ترقی کو تیز کرنا اور برآمدی اہداف کو پورا کرنے میں مدد کرنا ہے۔ تاہم، یہ نرمی صرف پاکستانی تاجروں کی مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات پر لاگو ہوگی، اور یہ خصوصی فراہمی اگلے پانچ سال تک نافذ العمل ہوگی۔
وزارت صنعت و پیداوار نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی درخواست کی بنیاد پر یہ ترامیم تجویز کیں۔ ای سی سی نے نہ صرف ان تبدیلیوں کو سیالکوٹ پر لاگو کرنے پر رضامندی ظاہر کی بلکہ انہیں گوجرانوالہ، رسالپور ای پی زیڈز اور مستقبل کے کسی بھی ای پی زیڈ تک بھی بڑھا دیا۔
پہلے، ای پی زیزبنیادی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاروں یا غیر مقیم پاکستانیوں کے ذریعے قائم کیے جاتے تھے، اور مقامی طور پر تیار کردہ تعمیراتی سامان کی کمی کی وجہ سے، انہیں درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔