سستی ہاوسنگ کے لیے قرضوں کے حصول میں سست روی دیکھی گئی

وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سستے مکانات بنانے کی ترغیب کے باوجود قرضوں کے حصول میں سست روی دیکھی جا رہی ہے ۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق کمرشل بینکوں کا خالص ہاؤسنگ فنانس اسٹاک جولائی اور مارچ کے درمیان 9 ماہ کے عرصہ میں محض 13 ارب 70 کروڑ روپے اضافے کے ساتھ 93 ارب 50 کروڑ روپے ہوگیا۔تاہم اس میں بینکوں کے ذریعے اپنے ملازمین کو پیش کیے گئے ہاؤسنگ بلڈنگ قرضوں کو شامل نہیں کیا گیا جس کا اسٹاک اسی عرصے کے دوران 109 ارب 80 کروڑ روپے سے بڑھ کر 134 ارب 80 کروڑ روپے ہوگیا ہے۔مشترکہ طور پر بینکوں کا ہاؤسنگ لون اسٹاک جولائی میں 189 ارب 60 کروڑ سے بڑھ کر 228 ارب 30 کروڑ ہوا جو ملکی معیشت کے حجم کا 0.5 فیصد سے تھوڑا زیادہ ہے۔