پاکستان میں سب سے پہلے ایمازون فل فلمینٹ اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح ملتان میں عید کے بعد ہوگا
پاکستان کو ایمازون کی سیلر لسٹ میں شمولیت ملنے کے بعد ملک میں سب سے پہلے ایمازون فل فلمینٹ اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹر (اے ایف ایف سی) کا افتتاح ملتان میں بعد از عید کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پوسٹ ماسٹر جنرل ذوالفقار حسنین کا کہنا ہے کہ حکومت نے پاکستانی مصنوعات کی ایمازون تک رسائی حاصل کرنے کے لئے انتھک کوششیں کی ہیں ، اور پاکستان پوسٹ بھی اس ہدف کے حصول کے لئےکافی محنت سے کام کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ اڈہ میں ایمازون فل فلمینٹ اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹرکا بیشتر کام مکمل ہوچکا ہے جس کا افتتاح عید الاضحیٰ کے بعدکیا جائے گا جب کہ جی پی او ملتان میں ایمازون کا گودام بھی قائم کیا جائے گا۔ ذوالفقار حسنین نے بتایا کہ اس کے علاوہ بہاولپور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، ساہیوال اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں گوداموں کے ساتھ ایمازون سینٹرز قائم کرنے کا کام بھی جاری ہے۔