آئندہ دو ماہ کے دوران پشاوراورمردان میں دو نئی ہاؤسنگ سکیموں کےآغاز کا فیصلہ
خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور اور مردان میں دو نئی ہاوسنگ سکیموں کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹکڑا تھری رنگ روڈ پشاور اور ہائی رائز فلیٹس مردان تعمیر کی جائیںگی۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کا مجوزہ پلان کے مطابق اجراء یقینی بنانے کیلئے تمام لوازمات مکمل کرنے جبکہ دیگر جاری منصوبوں کوبھی ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت بے گھر اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھروں کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کی طرف کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔ وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں محکمہ ہاؤسنگ کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 79 کنال رقبے پر مشتمل ٹکڑا تھری رنگ روڈ پشاور منصوبے کی تفصیلی پلاننگ اور ڈیزائننگ پر کام شروع ہے۔ یہ منصوبہ مختلف سائز کے 1080 فلیٹس پر مشتمل ہے جس کا آئندہ ماہ (ستمبر) میں اجراء کر دیا جائے گا۔ اسی طرح8354 کنال رقبے پر محیط ہنگو ٹاؤن شپ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی آئندہ ماہ کیا جائے گا۔